بھارت میں جہیز کے لئے ماڈل کا مبینہ قتل: ایک ہفتے بعد موت کی وجہ معلوم ہوگئی

بھارت کے شہر بھوپال میں ماڈل ٹویشا شرما کی پراسرار موت کے معاملے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد کئی اہم انکشافات ہوئے ہیں، جنہوں نے کیس کو مزید حساس بنا دیا ہے۔

اے آئی آءٰ ایم ایس بھوپال کی رپورٹ کے مطابق ٹویشا شرما کی موت زندہ حالت میں پھندا لگنے کے باعث ہوئی۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ گردن پر اوپر کی جانب جانے والا نشان موجود تھا، جو عام طور پر پھانسی کے کیسز میں دیکھا جاتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 12 مئی کی رات تقریباً 8 بجے ان کی موت واقع ہوئی۔

پوسٹ مارٹم میں گردن کے اندرونی عضلات پر دباؤ اور خون بہنے کے نشانات بھی پائے گئے، تاہم گردن کی دیگر ہڈیاں محفوظ تھیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق جسم پر کسی بڑے تصادم یا مہلک حملے کے واضح آثار نہیں ملے۔

تاہم رپورٹ میں ہاتھ سمیت جسم کے مختلف حصوں پر ہلکے زخم اور خراشوں کے نشانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ چوٹیں کیسے آئیں۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق دونوں پھیپھڑوں میں سوجھن اور جکڑن پائی گیا جبکہ آنکھوں میں معمولی خون رسنے کے آثار بھی ملے، جو ماہرین کے مطابق اکثر پھانسی کے کیسز میں دیکھے جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے یہ بھی واضح کیا کہ جسم پر کسی شدید جنسی تشدد یا ہتھیار سے حملے کے شواہد نہیں ملے۔

تحقیقات کے دوران ایک اور اہم انکشاف یہ سامنے آیا کہ موت سے تقریباً ایک ہفتہ قبل ٹویشا کا اسقاطِ حمل ہوا تھا۔ اس پہلو نے بھی تفتیش کو نئی سمت دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹویشا شرما مبینہ طور پر گھر کی چھت پر جمناسٹک رنگ کی رسی سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔ اہلِ خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے خون اور دیگر نمونے محفوظ کرکے پی ایس ایل اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا موت سے قبل کسی نشہ آور یا زہریلے مادے کا استعمال ہوا تھا یا نہیں۔

ٹویشا شرما 12 مئی کو بھوپال کے علاقے کٹارا ہلز میں اپنے سسرال میں مردہ پائی گئی تھیں۔ اہلِ خانہ کی شکایت پر پولیس نے شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس گری بالا سنگھ کے خلاف جہیز قتل اور ہراسانی کا مقدمہ درج کر رکھا ہے، جبکہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔