ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل شکست: شان مسعود نے کپتانی کا فیصلہ پی سی بی پر چھوڑ دیا

پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد اپنی کپتانی کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر چھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کو وقتی نہیں بلکہ ساختی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 78 رنز کی شکست کے بعد پاکستان کو مسلسل دوسری بار ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یہ گرین شرٹس کی مسلسل ساتویں بیرونِ ملک ٹیسٹ شکست بھی بن گئی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ان کا مقصد ہمیشہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانا رہا ہے، تاہم مستقبل کا فیصلہ بورڈ کے ہاتھ میں ہے۔ میری نیت ہمیشہ صاف رہی ہے۔ میں نے یہ ذمہ داری پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے قبول کی۔ فیصلے ہمیشہ بورڈ نے کرنے ہوتے ہیں، لیکن میرا مقصد ہمیشہ ٹیم کی بہتری رہا ہے۔

شان مسعود نے واضح کیا کہ صرف کپتان تبدیل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ ٹیم کو بنیادی سطح پر بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ہمیں جذباتی فیصلوں کے بجائے اصل مسائل کی جڑ تک جانا ہوگا۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو ساختی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

پاکستانی کپتان نے اعتراف کیا کہ ٹیم مسلسل ایک جیسی غلطیاں دہرا رہی ہے، جن کی قیمت ٹیسٹ کرکٹ میں بھاری پڑتی ہے۔ سلہٹ ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو کئی مواقع ملے مگر ٹیم انہیں فائدے میں تبدیل نہ کر سکی۔ ہمیں اپنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ پانچ روزہ کرکٹ میں چھوٹی غلطیاں بھی میچ کا رخ بدل دیتی ہیں۔

شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کی کارکردگی شدید تنقید کی زد میں ہے۔ وہ اب تک 16 ٹیسٹ میچوں میں بطور کپتان 12 شکستیں دیکھ چکے ہیں، جبکہ پاکستان گزشتہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں آخری نمبر پر رہا تھا اور موجودہ سائیکل میں بھی آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش نے اس تاریخی فتح کے ساتھ پاکستان کے خلاف مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز جیت کر اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔