اسنیپ چیٹ کا گھوسٹ موڈ کیوں ضروری؟ ایک غلطی بچوں کو مشکل میں ڈال سکتی ہے

مقبول سوشل میڈیا ایپ اسنیپ چیٹ اب صرف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کا پلیٹ فارم نہیں رہا بلکہ نوجوانوں اور بچوں کی ڈیجیٹل زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ تاہم حالیہ عالمی رپورٹس کے بعد بچوں کی آن لائن سیکیورٹی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

برطانیہ اور یورپ میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا اور اسکول ویب سائٹس سے حاصل کی گئی بچوں کی تصاویر کو اےآئی پر مبنی بلیک میلنگ اور آن لائن استحصال کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس انکشاف کے بعد والدین میں تشویش بڑھ گئی ہے کہ بچے سوشل میڈیا پر کتنے محفوظ ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کو مکمل طور پر سوشل میڈیا سے دور رکھنے کے بجائے والدین کو پرائیویسی سیٹنگز پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

کوئیک ایڈ فیچر بند رکھیں

اسنیپ چیٹ کا کوئیک ایڈ فیچر اجنبی افراد کو بھی بچوں کے پروفائل تک رسائی دے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے اکاؤنٹس میں جا کر یہ آپشن بند کروائیں تاکہ فیک اکاؤنٹس اور مشکوک افراد سے رابطے کا خطرہ کم ہو سکے۔

میسیج اور اسٹوری صرف دوستوں تک محدود رکھیں

بہت سے بچوں کے اکاؤنٹس ایوری ون موڈ پر ہوتے ہیں، جس سے کوئی بھی شخص انہیں میسج بھیج سکتا ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کانٹیکٹ می اور ویومائے اسٹوری کو صرف مائے فرینڈز پر سیٹ کیا جائے تاکہ ذاتی معلومات محفوظ رہ سکیں۔

گھوسٹ موڈ بہت ضروری

اسنیپ چیٹ کا اسنیپ میپ فیچر صارف کی لائیو لوکیشن ظاہر کر سکتا ہے، جس سے یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ بچہ گھر، اسکول یا ٹیوشن میں کہاں موجود ہے۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق گھوسٹ موڈ آن رکھنا بچوں کی حفاظت کے لیے نہایت ضروری ہے تاکہ ان کی لوکیشن دوسروں کو نظر نہ آئے۔

اےآئی چیٹ بوٹس سے محتاط رہیں

مائے اے آئی کے ذریعے بچے اکثر اپنی ذاتی معلومات، تصاویر یا ذہنی دباؤ سے متعلق باتیں شیئر کر دیتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اےآئی چیٹس مکمل طور پر نجی نہیں ہوتیں، اس لیے اسکول، گھر یا ذاتی زندگی سے متعلق حساس معلومات شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔

پبلک اسٹوری بڑا خطرہ

اگر بچوں کی اسٹوریز پبلک موڈ پر ہوں تو اجنبی افراد ان کی تصاویر، گھر، اسکول یونیفارم، قیمتی اشیا اور سفر سے متعلق معلومات دیکھ سکتے ہیں۔ والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اسٹوری سیٹنگز کو فرینڈز اونلی یا کسٹم پر رکھا جائے۔

ڈس اپیئر ہونے کا مطلب مکمل ڈیلیٹ نہیں

ماہرین کے مطابق اسنیپ چیٹ پر بھیجی گئی تصاویر یا پیغامات مکمل طور پر ختم ہونے کی ضمانت نہیں ہوتی کیونکہ اسکرین شاٹس لیے جا سکتے ہیں اور کچھ ڈیٹا عارضی طور پر محفوظ بھی رہ سکتا ہے۔

ڈیجیٹل سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے والدین کو باقاعدگی سے پرائیویسی آڈٹ کرنا چاہیے اور بچوں کو ڈیجیٹل خطرات اور آن لائن معلومات شیئر کرنے کے نتائج سے آگاہ کرنا چاہیے۔