انڈین پریمیئر لیگ میں ویرات کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔ سن رائزرز حیدرآباد نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 55 رنز سے شکست دی، جس کے دوران دونوں اسٹار کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔
رائل چیلنجرز بنگلورو کو 256 رنز کا بڑا ہدف ملا تھا اور اننگز کے آغاز میں کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔ غصے میں دکھائی دینے والے کوہلی نے ہیڈ کو اشارہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں بولنگ کرنے کا چیلنج بھی دیا۔
کوہلی نے امپیکٹ پلیئر سبسٹیٹیوشن کا اشارہ بھی کیا، جو ٹریوس ہیڈ پر طنز سمجھا گیا، کیونکہ ہیڈ اکثر بیٹنگ کے بعد ٹیم میں بولر شامل کرنے کے لیے میدان سے باہر چلے جاتے ہیں۔
تاہم کوہلی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 11 گیندوں پر صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں ٹریوس ہیڈ نے بولنگ کرتے ہوئے بنگلورو کے کپتان رجت پٹیدار کی وکٹ بھی حاصل کی۔
میچ کے اختتام پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی مصافحے کے لیے قطار میں کھڑے تھے تو ٹریوس ہیڈ نے ہاتھ بڑھایا، لیکن ویرات کوہلی بغیر ہاتھ ملائے آگے بڑھ گئے۔


