جنوبی بھارتی سپر اسٹار رام چرن اپنی آنے والی اسپورٹس ڈراما فلم پیڈی کی تشہیری مہم کے دوران ایک دلچسپ غلطی کے باعث سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے۔ بھوپال میں فلم کے ایک گانے کی لانچ تقریب کے دوران اداکار نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو غلطی سے فٹ بالر قرار دے دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
تقریب میں رام چرن سے معروف بھارتی کرکٹرز کے بارے میں مختصر تاثرات دینے کو کہا گیا۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کے کیریئر کو “طویل اور تاریخی سفر” قرار دیا، جبکہ ایم ایس دھونی کو “پرسکون اور ٹھنڈے مزاج” کا مالک کہا۔ اسی طرح روہت شرما کو سب کا پسندیدہ اور ویرات کوہلی کو فائر قرار دیا۔
تاہم جب بات جسپریت بمراہ کی آئی تو رام چرن نے کہا کہمیں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں، آپ فٹبال کو بہت آگے لے جا رہے ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین نے اداکار کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں رام چرن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ نام بھول جانا ان کی عادت ہے اور یہ ہجوم اور جوش کے ماحول میں ہونے والی ایک انسانی غلطی تھی۔ انہوں نے بمراہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ کا فخر ہیں اور ان کی بولنگ ہر بھارتی کو خوشی دیتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار نے تقریب کے دوران بھوپال کو غلطی سے بہار بھی کہہ دیا، جس پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے کیے۔
فلم پیڈی کی ہدایت کاری بوچی بابو ثنا نے کی ہے جبکہ فلم میں جھانوی کپور، اے آر رحمان، روی کشور اور دویندو بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 4 جون 2026 کو مختلف بھارتی زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔


