ورلڈ کپ سے قبل لیونل میسی کی انجری نے ارجنٹائن کی پریشانی بڑھا دی

لیجنڈفٹبالر لیونل میسی فیفا ورلڈ کپ سے چند ہفتے قبل انجری کے خدشے کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے، جب وہ انٹر میامی کے میچ کے دوران اچانک میدان چھوڑ کر باہر چلے گئے۔

امریکا میںکھیلےجارہے میجر لیگ سوکر میں فلاڈیلفیا یونین کے خلاف کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں میسی نے 73ویں منٹ میں اپنی بائیں ٹانگ کے پچھلے حصے میں تکلیف محسوس کی، جس کے بعد انہوں نے خود تبدیلی کی درخواست کی۔ میچ کے بعد وہ معمول کے مطابق چلتے ہوئے سیدھا ڈریسنگ روم روانہ ہوگئے۔

انٹر میامی نے سنسنی خیز مقابلے میں 4 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی حاصل کی، تاہم شائقین کی تمام تر توجہ میسی کی صحت پر مرکوز رہی۔

میچ کے بعد ٹیم کے کوچ گیولرمو ہویوز نے کہا کہ ابتدائی طور پر میسی کی حالت تشویشناک دکھائی نہیں دیتی اور ممکنہ طور پر انہیں صرف تھکن کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق بارش کے باعث میدان بھاری ہوگیا تھا، اسی لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر میسی کو آرام دیا گیا۔

دوسری جانب ٹیم کے کھلاڑی میشیوسیلویٹی نے بھی میسی کی کیفیت سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں ہوگا۔

میسی گزشتہ چند برسوں کے دوران ہیم اسٹرنگ کے مسائل کا شکار رہے ہیں، جبکہ انٹر میامی میں شمولیت کے بعد ان کے ورک لوڈ کو بھی احتیاط سے مینیج کیا جاتا رہا ہے۔

اگر میسی کسی بڑی انجری کا شکار ہوتے ہیں تو یہ ارجنٹائن کے لیے بڑا دھچکا ہوگا، جو امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ورلڈ کپ کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی میں ہوگا جبکہ ارجنٹائن اپنا پہلا میچ پانچ دن بعد الجزائر کے خلاف کھیلے گا۔ رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کے اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔