آئی پی ایل میں کوہلی سےگرما گرمی پر ٹریوس ہیڈ اور اہلیہ کو آن لائن ہراسانی کا سامنا

آئی پی ایل کے دوران ویرات کوہلی اور ٹریویس ہیڈ کے درمیان ہونے والی تلخی کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع شدت اختیار کر گیا، جہاں آسٹریلوی بلے باز اور ان کی اہلیہ کو مبینہ طور پر سخت تنقید اور نازیبا پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ واقعہ جمعے کو سن رائزرز حیدرآباداور رائل چیلنجرز بنگلوروکے درمیان کھیلے گئے ٹی20 میچ کے دوران پیش آیا۔ میچ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گرما گرم جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے کچھ ہی دیر بعد کوہلی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کی ٹیم کو 55 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے اختتام پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی روایتی مصافحے کے لیے قطار میں کھڑے تھے تو کوہلی نے مبینہ طور پر ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، حالانکہ انہوں نے دیگر کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔ اس منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔

بعد ازاں ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ جیسیکا ہیڈ کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بڑی تعداد میں توہین آمیز تبصرے کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق جیسیکا کے دوستوں اور اہل خانہ کو بھی نفرت انگیز نجی پیغامات موصول ہوئے۔

آسٹریلوی اخبار کو دیے گئے بیان میں جیسیکا ہیڈ نے کہا کہ کھیل میں جذبات اور جوش اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن لوگوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ میدان کے پیچھے حقیقی انسان اور ان کے خاندان بھی موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ واقعہ لوگوں کو ایک دوسرے کے لیے احترام اور مہربانی کا رویہ اپنانے کی ترغیب دے گا۔

جیسیکا ہیڈ نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ صورتحال 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پیش آنے والے واقعات کی یاد دلاتی ہے، جب آسٹریلیا نے احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔