ملائیشیا نے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا کے کارکنوں کے مبینہ اغوا اور تشدد کے معاملے پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشین حکومت اس سلسلے میں قانونی کارروائی کے لیے شواہد اور ضروری دستاویزات جمع کر رہی ہے، جس کے بعد عالمی عدالت میں باضابطہ مقدمہ دائر کیا جائے گا۔
سیلانگور کے وزیراعلیٰ امیر الدین شاری نے کہا کہ یہ اقدام غزہ امدادی فلوٹیلا میں شامل کارکنوں، خصوصاً ملائیشین شہریوں، کے خلاف مبینہ “بربریت، اغوا اور تشدد” کے واقعات کے ردعمل میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا اس معاملے پر خاموش نہیں رہے گا اور نہ ہی اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا۔ ان کے مطابق قانونی ٹیم بین الاقوامی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق تمام شواہد اور معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔
امیرالدین شاری نے مزید کہا کہ حکومت نہ صرف عالمی عدالت سے رجوع کرے گی بلکہ سفارتی سطح پر بھی دباؤ بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی اور ملک بھر میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔


