بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے اچانک غائب ہونے سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ چند لمحوں کیلئے ان کا آفیشل انسٹاگرام ہینڈل بینگ سلمان خان صارفین کو نظر نہیں آ رہا تھا اور اس پر پیج کی عدم دستیابی کا پیغام دکھائی دے رہا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر افواہوں کا طوفان کھڑا ہوگیا۔
سلمان خان کی ٹیم نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا گیا تھا بلکہ تکنیکی خرابی کے باعث اکاؤنٹ عارضی طور پر ہینگ ہوگیا تھا، جسے بعد میں ری سیٹ کر دیا گیا۔ تقریباً 30 منٹ بعد اکاؤنٹ دوبارہ بحال ہوگیا اور اب مداح معمول کے مطابق اسے استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب سلمان خان کی جانب سے حالیہ دنوں میں جذباتی اور غیر روایتی سوشل میڈیا پوسٹس سامنے آئی تھیں۔
اس کے علاوہ ممبئی کے ایک اسپتال کے باہر پاپارازی کے ساتھ ان کی تلخ کلامی بھی خبروں میں رہی۔
رپورٹس کے مطابق فوٹوگرافرز نے سلمان خان کی گاڑی کا تعاقب کیا اور اسپتال کے باہر ان سے تصاویر بنانے کی کوشش کی، جس پر اداکار برہم ہوگئے تھے۔
سلمان خان نے انسٹاگرام پر اپنی چند سیلفیز کے ساتھ پیغامات شیئر کیے جبکہ پاپارازی نے بھی اداکار سے معذرت کر لی۔


