سیکیورٹی فورسز نے 24 مئی 2026 کے ٹرین واقعے کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مستونگ، نوشکی، ژہری، خضدار اور کیچ اضلاع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر متعدد آپریشنز کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد مارے گئے، جس سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیے گئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔


