سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد ہوا۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔


