آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں شکست: سیریز پاکستان کے نام

پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں سنسنی خیز انداز میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین، ایلکس کیری نے 19، 19 اور ایڈم زیمپا نے 10 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان کو جیت کے لئے 158 رنز کا آسان ہدف ملا لیکن قومی بیٹرز نے اسے بھی مشکل بنادیا ۔ ایک وقت میں ایسا لگا کہ پاکستان کے ہاتھ سے میچ نکل گیا لیکن شاداب خان اور عبدالصمد نے ساتویں وکٹ پر ناقابلِ شکست 49 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔

صاحبزادہ فرحان 6، معاذ صداقت 27 اور بابر اعظم نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ غوری خان 8 ، سلمان علی آغا 15 اور عرفات منہاس 9 رنز ہی بناپائے۔

شاداب 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔