فٹبال فیفا نے شدید تنقید اور شائقین کے احتجاج کے بعد ورلڈ کپ 2026 کے میچز میں پانی کی بوتلوں سے متعلق اپنی پالیسی میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہائمو شرگی کے مطابق امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والے تمام ورلڈ کپ میچز کے دوران شائقین ایک فیکٹری سیل بند نرم پلاسٹک کی 20 اونس (590 ملی لیٹر) تک کی ڈسپوزیبل پانی کی بوتل اپنے ساتھ اسٹیڈیم میں لا سکیں گے۔
دو روز قبل فیفا نے اعلان کیا تھا کہ ری یوز ایبل یا دوبارہ استعمال ہونے والی پانی کی بوتلیں اسٹیڈیم کے اندر لانے کی اجازت نہیں ہوگی، جس پر شائقین اور ماحولیاتی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے شائقین کو اسٹیڈیم کے اندر مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ سخت یا دھاتی ری یوز ایبل بوتلوں پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔ ادارے کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ ایسی بوتلیں سیکیورٹی خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ماہرین نے ورلڈ کپ 2026 کے دوران شدید گرمی کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ٹورنامنٹ کے 104 میں سے 26 میچز ایسے موسمی حالات میں کھیلے جا سکتے ہیں جہاں انسانی جسم پر گرمی کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیمز کے اطراف کولنگ ٹینٹس، ہائیڈریشن اسٹیشنز، پنکھے اور مسٹنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شائقین کو گرمی سے بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے اندر فروخت ہونے والی بوتل بند پانی کی قیمتیں متعلقہ مقامات پر دیگر تقریبات کے برابر رکھی جائیں گی۔


