غزہ میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید اور 49 زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق شہداء میں دو افراد حالیہ حملوں میں جان سے گئے، ایک شخص پہلے سے لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ایک لاش ملبے تلے سے نکالی گئی۔
وزارتِ صحت کے مطابق متعدد افراد اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا مختلف سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں، تاہم امدادی اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل رکاوٹوں کے باعث ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 11 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک غزہ میں 951 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 984 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 782 لاشیں مختلف علاقوں سے ملبے تلے سے برآمد کی جا چکی ہیں۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی بحران برقرار ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔


