اغوا برائے تاوان کیس: اداکار منیب بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے کی سماعت کے دوران اداکار منیب بٹ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

پولیس کے مطابق منیب بٹ کے خلاف ائیرپورٹ تھانے میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے، جو مدعی متعال خان کی مدعیت میں 23 اپریل کو درج کیا گیا تھا۔

مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر مدعی کو اغوا کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق اغوا کے دوران مدعی کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی مبینہ طور پر مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی۔

مقدمے کے متن کے مطابق کرپٹو کرنسی کی منتقلی کے بعد مدعی کو کراچی کے علاقے کورنگی میں چھوڑ دیا گیا۔ تاہم ملزم کی جانب سے الزامات کی تردید کی گئی ہے اور معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اداکار منیب بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک انہیں حاصل قانونی ریلیف برقرار رکھا۔ کیس کی مزید سماعت بعد میں ہوگی۔