مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کو حادثہ، تمام سوار اہلکار شہید

مظفرآباد کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران اچانک فنی خرابی کا شکار ہوا جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے جو تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

حادثے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حادثے میں اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی مظفرآباد کے قریب پیش آنے والے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔