اہم ترین

ایران امریکا معاہدہ: بلاول بھٹو زرداری کا ملکی سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین

بلاول بھٹو زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان طے پانے والا معاہدہ تناؤ میں کمی اور بات چیت کے ذریعے پائیدار امن کی کوششوں کا پہلا اہم قدم ہے، جو تمام فریقین کی سیاسی بصیرت اور امن کے لیے عزم کا مظہر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور دوراندیشی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عمل کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی استحکام کے لیے مستقل حمایت بھی قابل تحسین ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزارت خارجہ اور مذاکراتی عمل میں شریک تمام ممالک کی سفارتی ٹیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، مستقل مزاجی اور پس پردہ خاموش سفارتی کوششوں نے اس اہم کامیابی کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ خطے میں دیرپا استحکام، باہمی اعتماد اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔

پاکستان