مردان: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ ایک معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
صدر مملکت نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید افسران کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تربیتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید افسران کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ دے کر عظیم قربانی پیش کی۔ وزیراعظم نے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور شہداء کے بلند درجات کی دعا بھی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ سروسز چیفس، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے بھی حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پائلٹس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افسران نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پائلٹس کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔










