اہم ترین

آزاد کشمیر کے عوام پرامن رہیں اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں: نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے آئین کے اندر رہتے ہوئے جدوجہد کی جانی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) ملک کی تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ عوام کی آسانی اور خوشحالی ہی میرے دل کا سکون ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اور مرکزی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ شرکا نے آزاد کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ پرتشدد واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کو بہترین انداز میں چلانے پر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔

مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی اس معاملے پر بالکل واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ن لیگ نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی اور وہاں کی تعمیر و ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اس ملک میں ہم سب کو بھائیوں کی طرح رہنا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی پاکستان کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی ہی جدوجہد سمجھا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنا نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، دھرنے ختم کریں اور بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی عوام، وہاں کی حکومت اور حکومتِ پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر امن کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے، کیونکہ کسی کو بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس سے دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت ملے۔

موجودہ ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان اور ملک کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور اب وقت کی ضرورت ہے کہ معاشرے میں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا جائے۔

پاکستان