اہم ترین

یو اے ای سے منشیات کے انٹرنیشنل نیٹ ورک کے 24 کارندے گرفتار

متحدہ عرب امارات کی اینٹی نارکوٹکس ایجنسی نے ایک بڑے آپریشن کے دوران ملک میں منشیات پھیلانے کی ایک خطرناک مجرمانہ سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق اینٹی نارکوٹکس ایجنسی نے فیڈرل نارکوٹکس کنٹرول پراسیکیوشن اور راس الخیمہ پولیس کے ساتھ مل کر کئے گئے کریک ڈاؤن میں بین الاقوامی گینگ سے وابستہ تمام 24 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور ممنوعہ ادویات ضبط کر لی۔

حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ امارات کے ایک خفیہ ٹھکانے پر منشیات کی بھاری کھیپ چھپائی گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیموں نے فوری طور پر قانونی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد کارروائی کی اور منشیات منتقل کرنے کی کوشش کے دوران گینگ کے دو کارندوں کو دھر لیا۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ ملک سے باہر مقیم ایک مرکزی سرغنہ کے اشارے پر یہ نیٹ ورک چلا رہے تھے اور وہی انہیں منشیات کی سپلائی اور تقسیم کی ہدایات دے رہا تھا۔

اس اعتراف کے بعد سیکیورٹی اداروں نے نگرانی کا عمل سخت کرتے ہوئے مزید 11 ملزمان کو گرفتار کیا جو اس نیٹ ورک سے جڑے تھے اور یو اے ای کے اندر منشیات پھیلانے میں مصروف تھے۔ آپریشن کے اگلے مرحلے میں کارروائی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے دبئی، ابوظہبی اور عجمان میں تابڑ توڑ چھاپے مارے گئے، جہاں سے مزید 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور منشیات کا ایک اور بڑا گودام پکڑ لیا گیا، جہاں بھاری مقدار میں چرس، ہاش آئل اور مصنوعی کینابینوئڈ پیپرز چھپائے گئے تھے۔

پبلک پراسیکیوشن نے تمام 24 مجرموں کی شناخت ظاہر کر دی ہے اور کیس کی مزید قانونی کارروائی اور برآمد شدہ مواد کے کیمیائی معائنے کے لیے تفتیشی ٹیم تشکیل دے کر معاملہ فارنزک لیبارٹری کو بھیج دیا ہے۔

پاکستان