پاکستان کے آئی ٹی اور فری لانسنگ سیکٹر نے ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند کامیابی حاصل کی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران پاکستانی فری لانسرز نے اپنی خدمات کی برآمد سے ریکارڈ ایک ارب 60 کروڑ ڈالرز کمائے ہیں۔
دستاویز کے مطابق، رواں مالی سال فری لانسنگ سے ہونے والی آمدن میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 80 فیصد کا حیران کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صرف مئی 2026 کے مہینے میں فری لانسرز نے ملکی خزانے میں 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کا زبردست حصہ ڈالا، جو کہ سالانہ بنیادوں پر مئی کے مہینے میں 87 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان کی مجموعی آئی ٹی ایکسپورٹ بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 11 ماہ میں ملکی آئی ٹی برآمدات 4 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی ریکارڈ سطح کو چھو چکی ہیں، جس میں مجموعی طور پر 20 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ نوجوانوں کی ڈیجیٹل اسکلز اور فری لانسنگ کی طرف بڑھتا ہوا رجحان ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔










