اہم ترین

اکیلے مرد زائرین کی عراق میں داخلے پر پابندی: پاکستانیوں کے لئے نئی ویزا شرائط

عراقی حکومت نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا اور سفری شرائط میں تبدیلی کرتے ہوئے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن پر زائرین اور زیارتی گروپ آرگنائزرز کو سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے قواعد کے مطابق فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے افراد کو عراق میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔

عراقی حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا حاصل کرنے کے بعد بھی داخلے کی ضمانت نہیں ہوگی۔ اگر کسی مسافر کا ویزا مسترد ہو جائے یا عراق پہنچنے پر انٹری نہ مل سکے تو ویزا فیس واپس نہیں کی جائے گی۔

نئی پالیسی کے تحت عاشورہ اور اربعین کی زیارتوں کے لیے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جا سکے گا، بلکہ دونوں مواقع کے لیے الگ اجازت درکار ہوگی۔ عراقی ویزا صرف 30 دن کے لیے مؤثر ہوگا، جبکہ مقررہ مدت سے زیادہ قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ زائد قیام کرنے والوں کے خلاف جرمانہ، ملک بدری اور مستقبل میں عراق میں داخلے پر مستقل پابندی سمیت سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

نئے ضوابط میں یہ بھی شامل ہے کہ پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے کے بعد عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے اور واپسی کے عمل کے دوران مقررہ طریقہ کار کے مطابق واپس کیے جائیں گے۔

عراقی وزارت نے زائرین اور ٹور آپریٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل تمام ویزا شرائط کو مکمل طور پر سمجھیں تاکہ سفر کے دوران کسی مشکل یا قانونی مسئلے سے بچا جا سکے۔

پاکستان