بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی آنے والی ایکشن فلم الفا کے باعث خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں فلم کے سیٹ سے جاری ہونے والی ایک بیہائنڈ دی سینز (بی ٹی ایس) ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جس میں ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران عالیہ بھٹ سے غیر ارادی طور پر ایک غلطی ہو جاتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایکشن سین فلماتے ہوئے ایک اسٹنٹ مین کو معمولی چوٹ لگ جاتی ہے۔ جیسے ہی عالیہ بھٹ کو صورتحال کا احساس ہوتا ہے، وہ فوراً اسٹنٹ مین کے پاس پہنچتی ہیں اور بار بار معذرت کرتے ہوئے اس کی خیریت دریافت کرتی ہیں۔ ان کے اس رویے کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
فلم کے ہدایتکار شیو راویل نے بتایا کہ الفا میں شامل مشکل اور تیز رفتار ایکشن مناظر کے لیے عالیہ بھٹ نے طویل عرصے تک خصوصی تربیت حاصل کی۔ ان کے مطابق ناظرین اس فلم میں عالیہ کو ایک بالکل نئے اور منفرد انداز میں دیکھیں گے۔
فلم کے ایکشن ڈائریکٹر کریگ میکری کا کہنا ہے کہ الفا میں شائقین کو دھماکوں، وائر اسٹنٹس، گن فائٹس اور چاقوؤں سے بھرپور سنسنی خیز ایکشن مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم کے بیشتر ایکشن سینز عالیہ بھٹ اور شرواری نے خود انجام دیے ہیں۔
فلم میں عالیہ بھٹ اور شرواری کے ساتھ بوبی دیول اور انیل کپور بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ ایکشن اور سنسنی سے بھرپور یہ فلم 3 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔











