ٹیکنالوجی کمپنی میٹا ایک نئے موبائل ایپ ارینا پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف عالمی واقعات کے بارے میں پیش گوئیاں کر سکیں گے۔ رپورٹس کے مطابق یہ ایپ ابتدائی طور پر ایک گیم نما پریڈکشن پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کرائی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے اس منصوبے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ ایپ میں صارفین انتخابات، کھیلوں، تفریح اور ٹیکنالوجی سے متعلق واقعات کے نتائج کے بارے میں اپنی پیش گوئیاں درج کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں صارفین کو حقیقی رقم کے بجائے پوائنٹس، رینکنگ، بیجز اور دیگر انعامات دیے جائیں گے۔ تاہم مستقبل میں اس پلیٹ فارم پر مالی بنیادوں پر پیش گوئی یا شرط بندی جیسے فیچرز شامل کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ ایپ ’’ارینا‘‘ کے نام سے ایک علیحدہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی، جبکہ میٹا اسے مقبول بنانے کے لیے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یعنی فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میسینجر کے وسیع صارفین نیٹ ورک سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ میٹا نے پریڈکشن مارکیٹ کے شعبے میں دلچسپی دکھائی ہو۔ کمپنی نے 2020 میں بھی ایک ایپ فورکاسٹ متعارف کرائی تھی، جہاں صارفین حقیقی دنیا کے واقعات کے بارے میں پیش گوئیاں کرتے تھے، تاہم محدود مقبولیت کے باعث اسے 2022 میں بند کر دیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں پریڈکشن مارکیٹس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹا بھی اس شعبے میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر ارینا کامیاب ثابت ہوتی ہے تو یہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پیش گوئیوں کے امتزاج کا ایک نیا باب ثابت ہو سکتی ہے۔











