اہم ترین

اسکول کے زمانے میں ہراسانی کا سامنا: بھارتی اداکارہ نے برسوں بعد سنائی آپ بیتی

جنوبی بھارتی فلموں کی اداکارہ کایادو لوہار نے اپنی آنے والی تامل فلم کی تشہیری مہم کے دوران اسکول کے زمانے کا ایک تلخ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ دسویں جماعت میں تعلیم کے دوران انہیں راستے میں چند لڑکے مسلسل ہراساں کرتے تھے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ روزانہ ٹیوشن جاتے ہوئے ان لڑکوں کی چھیڑ چھاڑ کا سامنا کرتی تھیں۔ ابتدا میں انہوں نے معاملے کو نظر انداز کیا، لیکن جب یہ رویہ مسلسل جاری رہا تو وہ شدید غصے میں آ گئیں۔

کایادو لوہار کے مطابق پہلے اور دوسرے دن میں نے خاموشی اختیار کی، لیکن تیسرے دن مجھ سے برداشت نہیں ہوا۔ غصے میں میں نے ایک پتھر اٹھایا اور لڑکے کی طرف پھینک دیا، جو اس کے سر پر لگا اور وہ زخمی ہو گیا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اس وقت ان کا ردعمل انتہائی جذباتی اور پرتشدد تھا، تاہم وہ کسی کو تشدد کی ترغیب نہیں دیتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کا سر پھوڑنا درست عمل نہیں، لیکن اس وقت انہیں یہی راستہ نظر آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ عام طور پر خاموش طبیعت کی حامل ہیں، مگر جب کسی کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جائے تو خاموش رہ کر سب کچھ برداشت کرنا بھی مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ہر شخص کو اپنی عزت اور تحفظ کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔

پاکستان