اہم ترین

گوگل کو بڑا دھچکا: 414 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

سویڈن کی پیٹنٹ اینڈ مارکیٹ کورٹ نے ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کو قیمتوں کے موازنہ کی ویب سائٹ پرائس رنر کے حق میں 14.3 ارب سویڈش کرونر (تقریباً 1.46 ارب امریکی ڈالر یا 414 ارب پاکستانی روپے) ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

اے ایف پی کے مطابق عدالت کے مطابق گوگل نے طویل عرصے تک اپنی سروس کو نمایاں مقام دے کر دیگر قیمتوں کے موازنہ کرنے والے پلیٹ فارمز کے لیے غیرمنصفانہ ماحول پیدا کیا۔

جج لنڈا کلبرگ نے فیصلے کو سویڈن کی تاریخ کے مسابقتی قوانین سے متعلق مقدمات میں سب سے بڑے ہرجانے میں سے ایک قرار دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ گوگل نے کئی برسوں تک اپنے سرچ نتائج میں اپنی شاپنگ کمپیریزن سروس کو غیرقانونی طور پر ترجیح دے کر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کی، جس سے پرائس رنر کو مالی نقصان پہنچا۔

پرائس رنر نے 2022 میں گوگل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ کمپنی نے 64 ارب کرونر ہرجانے اور 14 ارب کرونر سود کا مطالبہ کیا تھا، تاہم عدالت نے اس کے تمام دعوے تسلیم نہیں کیے۔

گوگل نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے اور اپیل سمیت دیگر قانونی آپشنز پر غور کرے گا۔ اس نے 2017 میں اپنی شاپنگ اشتہاری سروس میں ضروری تبدیلیاں کر دی تھیں اور موجودہ نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔

یہ مقدمہ یورپی یونین کی ان عدالتی کارروائیوں کے بعد سامنے آیا جن میں پہلے بھی گوگل کو اپنی شاپنگ سروس کو سرچ نتائج میں ناجائز ترجیح دینے پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جا چکا ہے۔

سویڈش عدالت نے بھی قرار دیا کہ گوگل کی خلاف ورزی کمپنی کے دعوے سے زیادہ عرصے تک جاری رہی اور اس کے باعث پرائس رنر کو حقیقی مالی نقصان پہنچا۔

پاکستان