برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ جون 2026 انگلینڈ کی تاریخ کا 1884 سے اب تک کا گرم ترین جون ثابت ہوا، جہاں اوسط درجہ حرارت 17.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال جون کے 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے اختتام پر آنے والی شدید اور ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو نے درجہ حرارت کو غیرمعمولی حد تک بڑھا دیا، جبکہ رات کے اوقات میں بھی غیرمعمولی گرمی ریکارڈ کی گئی۔ پورے برطانیہ کے لحاظ سے بھی جون 2026 دوسرا گرم ترین جون قرار پایا۔
گزشتہ ہفتے شدید گرمی کے باعث برطانیہ کے کئی علاقوں میں جون کے درجہ حرارت کے ریکارڈ بار بار ٹوٹے، جبکہ مشرقی انگلینڈ کے علاقے نورفوک میں 37.7 ڈگری سینٹی گریڈ کا عارضی ریکارڈ قائم ہوا، جو جون کے مہینے میں اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔
شدید گرمی کے باعث ٹرانسپورٹ نظام، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یورپ کے مختلف حصے بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہیٹ ویوز زیادہ بار اور زیادہ شدت کے ساتھ سامنے آ رہی ہیں۔ ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کے سائنس دانوں کے مطابق 50 برس قبل جون میں اس نوعیت کی شدید گرمی کا آنا تقریباً ناممکن تھا۔
میٹ آفس کی سائنس دان ایملی کارلائل نے کہا کہ جون کی غیرمعمولی گرمی 2026 میں مسلسل بڑھتے درجہ حرارت کے رجحان کا حصہ ہے، کیونکہ جنوری کے علاوہ اس سال ہر مہینے برطانیہ میں اوسط سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے











