اہم ترین

راوی گانے پر تنازع؛ سجاد علی بھارتی رئیلٹی شو کے معاملے پر میدان میں آگئے

پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے اپنے مشہور گانے ‘راوی’ کو بھارتی رئیلٹی شو ‘پنجاب ماسٹر چیمپئنز’ میں پیش کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والے تنازع پر اپنا ردعمل دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ آیا سجاد علی نے اس گانے کے استعمال کی اجازت دی تھی یا نہیں، جبکہ بعض لوگوں نے یہ بھی قیاس کیا کہ گلوکار بھارتی شو کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتے ہیں۔

اس معاملے پر سجاد علی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ وہ اپنے گانوں پر ریلز اور تخلیقی انداز میں پیش کیے جانے والے کام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر موجود ہر بات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بھارت سے ایک ویڈیو دیکھی جس میں دو بچوں نے ان کا گانا ‘راوی’ گایا تھا اور انہیں یہ پرفارمنس بہت اچھی لگی۔ تاہم اس کے بعد لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ گلوکار نے اپنے ملک میں گانے کی اجازت نہیں دی اور بھارت میں اجازت کے بغیر گانا استعمال کیا گیا۔

سجاد علی نے کہا کہ بہت سے لوگ انٹلیکچوئل پراپرٹی (فکری ملکیت) اور کاپی رائٹ کے قوانین سے واقف نہیں، اسی وجہ سے ایسی بحثیں جنم لیتی ہیں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا یا متعلقہ شو انتظامیہ نے ان سے گانے کے استعمال کی اجازت نہیں لی، ان کی قانونی ٹیم اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ٹیلنٹ شوز کے خلاف نہیں ہیں بلکہ ایسے پروگراموں کو سراہتے ہیں کیونکہ یہ نئے گلوکاروں کو آگے آنے کا موقع دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان آئیڈل جیسے پروگراموں اور ان کے ججز کی بھی تعریف کی۔

سجاد علی نے کہا کہ ایسے شوز پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن ان فنکاروں کے کام کا احترام بھی ضروری ہے جنہوں نے اپنی محنت اور سرمایہ لگا کر اپنی موسیقی کو مقبول بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف وہی نہیں بلکہ کئی پاکستانی گلوکاروں نے بھی اپنے گانوں کو بغیر اجازت استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

آخر میں سجاد علی نے مداحوں سے اپیل کی کہ فنکاروں کی حمایت کریں اور سوشل میڈیا کی ہر پوسٹ پر یقین نہ کریں جب تک متعلقہ فنکار خود اس کی تصدیق نہ کرے۔

پاکستان