بھارتی اداکارہ اور سابق شوبز شخصیت ثنا خان نے اپنے تازہ ویڈیو پیغام میں دنیا کی بےثباتی اور آخرت کی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر انسان کو اپنی قبر اور آخرت کی فکر خود کرنی چاہیے، کیونکہ آخرکار کوئی دوسرا اس کے کام نہیں آئے گا۔
ثنا خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے ویڈیو میں کہا کہ آج کے دور میں اخلاص اور بےغرض محبت کم ہوتی جا رہی ہے، اس لیے انسان کو اپنی نجات کی فکر خود کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسان یہ امید نہ رکھے کہ اس کے انتقال کے بعد اولاد، رشتہ دار یا دوست اس کے لیے وہ سب کچھ کریں گے جس کی وہ توقع رکھتا ہے۔ اگر زندگی میں لوگ نماز اور دین کی باتوں پر توجہ نہیں دیتے تو مرنے کے بعد ان سے اپنی مغفرت کے لیے دعاؤں یا نیک اعمال کی امید باندھنا مناسب نہیں۔
ثنا خان نے ویڈیو میں کہا کہ اپنی آخرت اور قبر کی تیاری خود کریں، کیونکہ آخر میں انسان کے اپنے اعمال ہی اس کے کام آئیں گے۔ آج کے دور میں بہت سے لوگ ایک دوسرے کی خبرگیری بھی نہیں کرتے، اس لیے ہر شخص کو اپنی اصلاح، عبادات اور نیک اعمال پر توجہ دینی چاہیے۔
ثنا خان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے پیغام کو سبق آموز اور فکر انگیز قرار دیا، جبکہ بعض نے اس پر مختلف آراء کا اظہار بھی کیا۔











