پاکستانی اداکارہ کنزا ہاشمی نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے پیش نظر ہر خاتون کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ کس پر اعتماد کر رہی ہے اور اپنی حفاظت کو ہمیشہ ترجیح دینی چاہیے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کنزا ہاشمی نے کہا کہ بعض اوقات قریبی افراد بھی محفوظ ثابت نہیں ہوتے، اس لیے ہر کسی پر اندھا اعتماد کرنے کے بجائے محتاط رہنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی صورتحال میں معمولی سا بھی خدشہ محسوس ہو تو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ خواتین کی جبلت اکثر درست ثابت ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ خواتین کو اکثر خوف کے ماحول کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اگر وہ اپنی آواز بلند کریں یا کسی متاثرہ خاتون کا ساتھ دیں تو انہیں بھی تنقید اور منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کنزا ہاشمی کے مطابق ایسے حالات میں خوف کو کمزوری نہیں بلکہ احتیاط سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن معاشروں میں خواتین کے خلاف تشدد، تیزاب گردی اور زیادتی جیسے واقعات پیش آتے ہوں، وہاں ہر خاتون کے لیے محتاط رہنا ناگزیر ہے۔











