بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے ہندی فلم انڈسٹری میں اپنے 26 سال مکمل ہونے پر فلمی سفر پر نظر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی دوسرے اداکاروں سے عدم تحفظ کا شکار نہیں رہے، البتہ اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے خود سے سوال ضرور کرتے رہے ہیں۔
بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے 2000 میں فلم ریفیوجی سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے گرو، یووا، بنٹی اور ببلی اور دھوم سیریز سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ حالیہ برسوں میں بھی وہ مختلف اور منفرد کرداروں کے ذریعے ناظرین کی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ابھیشیک بچن نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں کیمرے کے سامنے گھبراہٹ اور بے چینی محسوس ہوتی تھی، لیکن وقت کے ساتھ وہ زیادہ پُراعتماد اور پُرسکون ہو گئے ہیں۔ اب وہ بخوبی جانتے ہیں کہ انہیں کس قسم کے کردار قبول کرنے ہیں اور کن منصوبوں سے دور رہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں ہر اداکار کو کام ملنے یا نہ ملنے کی فکر ہوتی ہے، اسی لیے اکثر ہر پیشکش قبول کر لی جاتی ہے۔ تاہم تجربے اور پختگی نے انہیں بہتر فیصلے کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔
ابھیشیک بچن نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی دوسرے فنکاروں کی کامیابی سے خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، لیکن ہر اداکار کی طرح انہیں ہمیشہ یہ سوچ ضرور رہتی ہے کہ آیا وہ کسی کردار کے ساتھ انصاف کر سکیں گے یا نہیں۔











