اہم ترین

بوائے فرینڈ کے کہنے پر عاشقی ٹھکرائی: پوجا بھٹ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے ابتدائی کیریئر میں سپر ہٹ فلم عاشقی میں مرکزی کردار کی پیشکش صرف اس لیے مسترد کر دی تھی کیونکہ اس وقت ان کے بوائے فرینڈ کو ان کا فلموں میں کام کرنا پسند نہیں تھا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں پوجا بھٹ نے بتایا کہ فلم ڈیڈی کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ اسی دوران پروڈیوسر مکیش بھٹ ان کے گھر فلم عاشقی کی پیشکش اور سائننگ اماؤنٹ لے کر آئے، لیکن انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

پوجا بھٹ کے مطابق وہ اس وقت محبت میں تھیں اور چاہتی تھیں کہ ایک اچھی ساتھی ثابت ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے بوائے فرینڈ نے انہیں براہِ راست اداکاری چھوڑنے کا نہیں کہا تھا، تاہم وہ خود ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے فلمی دنیا سے دور رہنا چاہتی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب مکیش بھٹ نے یہ بات ان کے والد اور معروف ہدایت کار مہیش بھٹ کو بتائی تو وہ اس فیصلے پر سخت ناراض ہوئے۔ مہیش بھٹ نے انہیں سمجھاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی کی ایک بہت بڑی غلطی کر رہی ہیں، اور اسی ناراضی کے باعث تقریباً دو ہفتوں تک انہوں نے پوجا بھٹ سے بات بھی نہیں کی۔

بعد ازاں پوجا بھٹ فلم عاشقی کے سیٹ پر گئیں، جہاں ان کی سوچ بدل گئی اور انہوں نے دوبارہ فلمی کیریئر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے عامر خان کے ساتھ فلم دل ہے کہ مانتا نہیں میں کام کیا، جس نے انہیں بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شامل کر دیا۔

واضح رہے کہ عاشقی بعد میں ایک بڑی کامیاب فلم ثابت ہوئی اور اس میں مرکزی کردار اداکارہ انو اگروال نے نبھایا تھا، جبکہ اس کی موسیقی بھی غیر معمولی طور پر مقبول ہوئی تھی۔

پاکستان