مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنی نئی اور زیادہ طاقتور جی پی ٹی 5.6 ماڈل سیریز دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب کرنے اعلان کردیا ۔
کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 5.6 تین مختلف ورژنز پر مشتمل ہے، جن میں سول فلیگ شپ ماڈل، ٹیرا روزمرہ استعمال کے لیے درمیانی درجے کا ماڈل اور لونا تیز رفتار اور کم لاگت والا ماڈل شامل ہیں۔
اوپن اے آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان ماڈلز تک پیشگی رسائی کو بھی عالمی سطح پر توسیع دی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے تکنیکی جانچ اور سرکاری حکام سے مشاورت کے بعد جی پی ٹی 5.6 کی وسیع پیمانے پر ریلیز کی منظوری دے دی ہے، تاہم اس حوالے سے اوپن اے آئی یا وائٹ ہاؤس نے باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔
اوپن اے آئی نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق خدشات کے باعث جی پی ٹی 5.6 کا ابتدائی جائزہ امریکی حکومت کی درخواست پر محدود اور قابلِ اعتماد شراکت داروں کو فراہم کیا گیا تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ درمیانے درجے کا ٹیرا ماڈل اپنے پیشرو جی پی ٹی-5.5 کے مقابلے میں نصف قیمت پر دستیاب ہوگا، جبکہ کمپنی کا مقصد بڑھتے ہوئے مقابلے کے دوران زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔











