اہم ترین

بابر اعظم سے بات ہو چکی، اچھی کپتانی کی امید ہے: سرفراز احمد

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس کو مزید بہتر بنانا ہے۔

کراچی پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ایک تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا، جس میں سامنے آنے والے فٹنس مسائل میں سے بعض کو حل کر لیا گیا، جبکہ باقی امور پر نئے کیمپ میں کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم سے ان کی بات چیت ہوئی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ ٹیم کی کامیاب انداز میں قیادت کریں گے۔ ان کے بقول بابر اعظم کی کپتانی میں ٹیم سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

سرفراز احمد نے کھیلوں کی صحافت پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی اور موجودہ صحافت میں نمایاں فرق آ چکا ہے۔ ان کے مطابق پہلے کھیلوں کے صحافی گراؤنڈ میں جا کر کارکردگی کی بنیاد پر تجزیہ کرتے تھے، جبکہ اب اکثر آرا سوشل میڈیا کے رجحانات کو دیکھ کر قائم کی جاتی ہیں اور کھلاڑیوں کے ذاتی معاملات بھی زیر بحث لائے جاتے ہیں۔

انہوں نے اسپورٹس میڈیا الائنس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار صحافی کھیلوں کی صحافت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے نوجوان کھلاڑی بھی اعتماد کے ساتھ کھیل کے میدان میں آئیں گے۔

ہیڈ کوچ نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے تھے تو اپنی خبروں کی فوٹو کاپیاں کروا کر موٹرسائیکل پر اخبارات کے دفاتر پہنچایا کرتے تھے تاکہ ان کی کارکردگی شائع ہو سکے۔

پاکستان