کراچی: معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان کے نظام سے متعلق اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صرف ایک ماہ کے دوران ان پر ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر چھ مرتبہ جرمانہ عائد کیا گیا، جن میں سے بعض کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی خلاف ورزی کی ہی نہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں صنم جنگ نے بتایا کہ پاکستان واپس آنے کے بعد انہیں مسلسل ای چالان موصول ہو رہے ہیں، جس پر ان کے والد بھی سخت ناراض ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ پہلا جرمانہ موبائل فون استعمال کرنے پر ہوا، جسے وہ اپنی غلطی تسلیم کرتی ہیں، تاہم بعد میں انہیں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے جیسے الزامات پر بھی چالان بھیجے گئے، حالانکہ ان کے مطابق وہ ہمیشہ گاڑی چلانے سے پہلے سیٹ بیلٹ لازمی باندھتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک رہنے کے باعث سیٹ بیلٹ استعمال کرنا ان کی روزمرہ عادت بن چکی ہے، اس لیے اس خلاف ورزی کا الزام ان کے لیے حیران کن ہے۔
صنم جنگ نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی شخص ٹریفک قانون کی خلاف ورزی نہ کرے تو پھر اس کے نام پر جرمانہ کیوں جاری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف چالان آ رہے ہیں اور دوسری طرف گھر والوں کی ناراضی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اداکارہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جہاں صارفین بھی ای چالان نظام کے حوالے سے مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔











