اہم ترین

بنوں حملوں کے بعد سیکیورٹی انٹیلی جنس آپریشنز تیز، 24 خوارج ہلاک

نوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں اور خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حالیہ کارروائیاں بنوں ضلع اور ملحقہ علاقوں میں کی گئیں، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکت سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بنوں میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشنز بدستور جاری رہیں گے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ “عزمِ استحکام” منصوبے کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

پاکستان