اہم ترین

اداکارہ ہما سلیم کے قومی کرکٹر پر ہراسانی اور سنگین دھمکیوں کے الزامات

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم پاکستانی کرکٹر کے خلاف ہراسانی، دھمکیوں، ذہنی اذیت اور کردار کشی جیسے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مناسب وقت پر اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام شواہد بھی منظرِ عام پر لائیں گی۔

انسٹاگرام اسٹوری میں ہما سلیم نے کسی کرکٹر کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک نہایت تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ شخص دھوکہ دہی، فراڈ اور خواتین کے ساتھ نامناسب رویے کا عادی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ سے اس شخص سے ان کا کوئی رابطہ نہیں، لیکن جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو مبینہ طور پر انہیں دوبارہ ذہنی دباؤ اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ہما سلیم نے الزام لگایا کہ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں اور ہراساں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خاتون بلاوجہ اپنی عزت اور ساکھ کو داؤ پر نہیں لگاتی، بلکہ خاموشی اس وقت ٹوٹتی ہے جب برداشت کی حد ختم ہو جائے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مذکورہ کرکٹر نے مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے وسائل کا غلط استعمال کیا، اور کہا کہ وہ مستقبل میں اس حوالے سے بھی مزید معلومات اور شواہد سامنے لائیں گی۔

ہما سلیم کے مطابق مبینہ ہراسانی صرف ان تک محدود نہیں رہی بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی پیغامات بھیجے گئے تاکہ انہیں ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر نقصان پہنچایا جا سکے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ ماضی میں ایک جذباتی طور پر اذیت دینے والے تعلق کا حصہ رہ چکی ہیں، لیکن اب انہوں نے خاموش رہنے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کہانی کے دو پہلو ہوتے ہیں اور وہ اپنے دعووں کے ثبوت مناسب وقت پر پیش کریں گی۔

پاکستان