اہم ترین

دورہ سری لنکا: پاکستان ویمنز ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان، ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں 8 تبدیلیاں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں فارمیٹس کے لیے 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈز منتخب کیے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق فاطمہ ثناء ون ڈے سیریز میں قومی ویمن ٹیم کی قیادت کریں گی، تاہم ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد وہ انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ میں شرکت کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔ ان کی عدم دستیابی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے منیبہ علی کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔

اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں گزشتہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیم کے مقابلے میں 8 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نئے شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کا انتظار ہے، جبکہ ماہم انیس اور سائرہ جبین نے ابھی تک ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی ڈیبیو نہیں کیا۔

سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے، جو 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک جاری رہے گی۔

پاکستان ویمن ون ڈے اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ منیبہ علی (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔

پاکستان