اہم ترین

کچھ کچھ ہوتا ہے میں شاہ رخ خان کی آن اسکرین بیٹی کا ذہنی بیماری سے متعلق بڑا انکشاف

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی مشہور فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں ان کی آن اسکرین بیٹی انجلی کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ثنا سعید نے اپنی زندگی کے ایک نہایت مشکل دور کے بارے میں پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔

بلیمیا نرووسا ایک سنگین نفسیاتی بیماری ہے، جس میں متاثرہ شخص ضرورت سے زیادہ کھانا کھانے کے بعد وزن بڑھنے کے خوف سے جان بوجھ کر قے کرنا، ضرورت سے زیادہ ورزش کرنا یا بغیر طبی مشورے کے ادویات کا استعمال جیسے جان لیوا طریقے اختیار کرتا ہے۔

بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلموں میں شامل فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں انجلی کا کردار نبھانے والی اداکارہ ثنا سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کئی برس تک اس ذہنی بیماری کا شکار رہیں۔ جسنے نہ صرف ان کی جسمانی صحت بلکہ ذہنی صحت کو بھی شدید متاثر کیا، اور وہ طویل عرصے تک شرمندگی اور خاموشی کے ساتھ اس تکلیف کو برداشت کرتی رہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں یہ احساس ہی نہیں تھا کہ وہ ایک ذہنی صحت سے جڑی بیماری میں مبتلا ہیں۔ وہ سمجھتی تھیں کہ یہ صرف ان کی ایک بری عادت ہے، جس پر انہیں خود قابو پانا ہوگا۔

ثنا سعید کے مطابق، “میں خود کو بہت شرمندہ محسوس کرتی تھی اور مجھے لگتا تھا کہ شاید صرف میں ہی اس مسئلے سے گزر رہی ہوں۔ پورے چھ سال تک مجھے یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ میری اس کیفیت کا کوئی نام بھی ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ معاشرے میں دبلا نظر آنے کا دباؤ، لوگوں کے تبصرے اور اپنی ظاہری شکل سے متعلق احساسِ کمتری نے ان کی حالت کو مزید خراب کر دیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق بعد میں انہیں صحت یابی (ریکوری) سے متعلق ایک کتاب ملی، جس سے انہیں پہلی بار معلوم ہوا کہ وہ دراصل بلیمیا نرووسا کا شکار ہیں۔ درست معلومات اور علاج کے آغاز کے بعد ان کی صحت یابی کا سفر شروع ہوا، جسے مکمل ہونے میں تقریباً چار سال لگے۔

ثنا سعید نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ صحت مند انداز میں کھانا کھانا سیکھیں اور اس بیماری سے مکمل نجات حاصل کریں، جس کے لیے انہوں نے مسلسل محنت اور علاج جاری رکھا۔

پاکستان