اہم ترین

ٹوٹی انگلی کے باوجود شان مسعود بیٹنگ کے لیے میدان میں اتر آئے

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان شان مسعود نے پہلی ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلی میں فریکچر کے باوجود بیٹنگ کر کے غیر معمولی حوصلے کا مظاہرہ کیا۔

شان مسعود کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں شاندار سنچری بنانے کے دوران تیسرے روز فاسٹ بولر جیڈن سیلز کی گیند دائیں ہاتھ کی انگلی پر لگی تھی، جس کے بعد ان کی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔

زخمی ہونے کے باعث شان مسعود چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کے آغاز میں فیلڈنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے، جبکہ پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی وہ اپنے روایتی تیسرے نمبر کے بجائے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔

اس دوران پاکستان کی بیٹنگ شدید دباؤ کا شکار رہی اور ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 53 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ شان مسعود محدود نقل و حرکت کے باوجود بیٹنگ کے لیے آئے، تاہم صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

فریکچر کے باعث پاکستان کو ایک اضافی بیٹر سے محروم ہونا پڑا، جس کے باعث آل راؤنڈر عامر جمال کو چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ شان مسعود کی انجری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت پر کس حد تک اثر انداز ہوگی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے شروع ہوگا، جس کے بعد قومی ٹیم نے آئندہ ماہ انگلینڈ کا دورہ بھی کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی اوپنر عبداللہ فضل کو کمر کی انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے کھو چکا ہے، جبکہ سلیکٹرز نے عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

پاکستان