اہم ترین

انتخابی فہرستوں سے 14 لاکھ سے زائد ووٹرز خارج، ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز گھٹ گئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں تقریباً 6 لاکھ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 7 مئی سے 2 جولائی 2026 تک رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 89 ہزار 458 کی خالص کمی ہوئی، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 71 لاکھ سے کم ہو کر 13 کروڑ 65 لاکھ 74 ہزار 399 رہ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران انتخابی فہرستوں سے 14 لاکھ 84 ہزار 382 ایسے ووٹرز کے نام خارج کیے گئے جو وفات پا چکے تھے، جبکہ نئے اہل ووٹرز کے طور پر 8 لاکھ 94 ہزار 924 افراد کو شامل کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی پنجاب میں ریکارڈ کی گئی، جہاں تقریباً 4 لاکھ 78 ہزار 909 ووٹرز کم ہوئے، جبکہ سندھ میں 97 ہزار 216 ووٹرز کی کمی سامنے آئی۔

ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار مرد اور 1 لاکھ 38 ہزار خواتین ووٹرز کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستیں نادرا سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔ قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہونے کی وجہ سے ڈپلیکیٹ ووٹرز کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق انتخابی فہرستوں کی یہ اپ ڈیٹ کارروائی الیکشن ایکٹ کی متعلقہ شق کے تحت جاری رہتی ہے تاکہ ووٹر لسٹ میں درست اور فعال ووٹرز کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان