برازیل کے اسٹار فٹبالر اور قومی ٹیم کے تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ میں برازیل کی ناروے کے ہاتھوں آخری 16 کے مرحلے میں 2-1 کی شکست کے بعد جذباتی گفتگو کرتے ہوئے 34 سالہ نیمار نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ میرا سفر ختم ہو چکا ہے۔ میں نے اس جرسی کے لیے اپنا خون اور جان دی، لیکن اب مزید نہیں کھیلنا چاہتا۔
تقریباً تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے نیمار ورلڈ کپ میں صرف دو میچوں میں مجموعی طور پر 37 منٹ میدان میں اترے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں ایک پنالٹی گول بھی کیا، تاہم وہ برازیل کو ناک آؤٹ مرحلے سے آگے لے جانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
نیمار اس وقت برازیلین کلب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں ان کا معاہدہ رواں سال کے اختتام تک برقرار ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے کلب کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے تھے۔
نیمار کا شمار برازیل کے عظیم ترین فٹبالرز میں ہوتا ہے، اور ان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کو عالمی فٹبال کے ایک اہم دور کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔











