اہم ترین

اسرائیل فوج نے غزہ میں بمباری کرکے مسجد شہید کردی

اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے اسلحہ ڈپو کا بہانہ بناکر مسجد کو بمباری کرکے شہید کردیا۔۔

اے ایف پی نے اسرائیلی فوج کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اس نے شمالی غزہ میں واقع المتقین مسجد کو نشانہ بنایا، جہاں اس کے بقول حماس نے اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیب قائم کر رکھی تھی۔

عینی شاہدین اور اے ایف پی کے مطابق حملے کے بعد مسجد سے آگ اور دھویں کے بڑے بادل اٹھتے دکھائی دیے، جبکہ فلسطینی ملبے کے ڈھیروں میں متاثرین اور سامان کی تلاش کرتے رہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل شہریوں کو علاقے سے نکلنے کی وارننگ دی گئی تھی۔

دوسری جانب غزہ کی وزارتِ اوقاف کے ڈائریکر جنرل امیر ابو العمرین نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ المتقین مسجد کو مکمل طور پر شہید کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل فوجی تنصیبات کی موجودگی کا الزام لگا کر عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کا جواز پیش کرتا ہے۔

اگرچہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی برقرار ہے، تاہم غزہ میں تشدد کا سلسلہ نہیں رکا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ آئے روز فضائی حملے جاری ہیں، جس سے عام آبادی مسلسل خوف اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے مطابق مارچ 2026 تک غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 164 ثقافتی مقامات کو نقصان پہنچنے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں 14 مذہبی مقامات بھی شامل ہیں۔

پاکستان