عراق کے بااثر مذہبی و سیاسی رہنما مقتدیٰ الصدر نے مشترکہ امریکی اور سعودی فضائی حملوں کے بعد پاپولر موبلائزیشن فورسز (پی ایم ایف) اور عراقی سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں پر مسلح گروہوں کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ ملیشیاؤں کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں اور ریاست کی جانب سے اسلحہ اپنے کنٹرول میں نہ لا سکنا ان ہلاکتوں کی بنیادی وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح گروہوں کے رہنما اپنے ذاتی مفادات، آرام اور کاروبار میں مصروف ہیں، جبکہ ان کے جنگجو اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، ایسے “انفرادی اور غیر دانشمندانہ اقدامات” کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
مقتدیٰ الصدر نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جن فیصلوں کے باعث یہ جانیں ضائع ہوئیں، ان کے لیے کوئی تسلی ممکن نہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ عراق کو ہر قسم کی برائی اور نقصان دہ اقدامات سے محفوظ رکھے۔











