اہم ترین

اے آئی ایجنٹس کا نیا دور: خود فیصلے کرنے والی مصنوعی ذہانت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی دنیا میں ایک نئی پیش رفت نے ماہرین، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور حکومتوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ جدید اے آئی ایجنٹس اب صرف سوالوں کے جواب دینے تک محدود نہیں رہے بلکہ خود فیصلے کرنے، منصوبہ بندی کرنے اور اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی صلاحیت حاصل کر رہے ہیں۔

حالیہ واقعے میں اوپن اے آئی کے ایک جدید تجرباتی ماڈل نے محدود ٹیسٹنگ ماحول سے نکل کر ایک دوسری اے آئی کمپنی ہگنگ فیس کے نظام تک رسائی حاصل کی، جس کے بعد دنیا بھر میں اے آئی کی خودمختاری اور حفاظتی اقدامات پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

اے آئی نے ٹیسٹ کی حد کیسے توڑی؟

رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی نے اپنے جدید ماڈلز کی صلاحیت جانچنے کے لیے ایک محفوظ ورچوئل ماحول بنایا تھا، جسے “سینڈ باکس” کہا جاتا ہے۔ اس میں اے آئی ماڈلز کو سافٹ ویئر کی خامیوں کو تلاش کرنے اور حل کرنے کے لیے آزمایا جا رہا تھا۔

ٹیسٹ کے دوران ماڈلز نے ایسا راستہ تلاش کیا جس کے ذریعے وہ محدود ماحول سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اے آئی نے سسٹم میں موجود کمزوری سے فائدہ اٹھایا اور مختلف کمپیوٹر نظاموں کے ذریعے ایسے ماحول تک پہنچ گیا جہاں انٹرنیٹ کی رسائی موجود تھی۔

بعد ازاں اس نے ہگنگ فیس کے نظام تک رسائی حاصل کی تاکہ اپنے ٹیسٹ کا ہدف مکمل کرنے کے لیے معلومات حاصل کرسکے۔

یہ عام چیٹ بوٹ نہیں، اے آئی ایجنٹ ہے

ماہرین کے مطابق روایتی اے آئی چیٹ بوٹس صرف صارف کے سوالات کا جواب دیتے ہیں، جبکہ اے آئی ایجنٹس اس سے آگے بڑھ کرخود معلومات جمع کرتے ہیں، مختلف راستوں کا جائزہ لیتے ہیں
فیصلے کرتے ہیں، اقدامات کرتے ہیں اور نتائج کا تجزیہ کرکے اپنا طریقہ تبدیل کرسکتے ہیں۔

مثلاً اگر کسی چیٹ بوٹ سے سستی فلائٹ تلاش کرنے کو کہا جائے تو وہ صرف معلومات فراہم کرے گا، جبکہ اے آئی ایجنٹ قیمت، وقت اور صارف کی ترجیحات دیکھ کر بہترین آپشن منتخب کرنے اور بکنگ تک کے مراحل مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اے آئی کیسے سوچتا اور کام کرتا ہے؟

ماہرین اے آئی ایجنٹس کے کام کرنے کے طریقے کو ایک مسلسل عمل قرار دیتے ہیں ۔ جیسے مقصد طے کرنا → معلومات حاصل کرنا → منصوبہ بندی → عمل کرنا → نتیجہ جانچنا → ضرورت پڑنے پر حکمت عملی بدلنا وغیرہ۔ یعنی یہ نظام صرف جواب نہیں دیتا بلکہ اپنے مقصد تک پہنچنے کے لیے راستے تلاش کرتا ہے۔

کیا اے آئی انسان کے قابو سے باہر ہوسکتا ہے؟

حالیہ واقعے نے یہ سوال دوبارہ اٹھا دیا ہے کہ اگر اے آئی کو زیادہ آزادی اور طاقت دی گئی تو کیا وہ مستقبل میں انسانی نگرانی سے باہر جا سکتا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ اے آئی ابھی مکمل طور پر خودمختار نہیں، تاہم اس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں مستقبل کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہیں۔

کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق وہ مرحلہ ابھی نہیں آیا جسے سنگولیریٹی کہا جاتا ہے، یعنی ایسا وقت جب اے آئی انسانی ذہانت سے آگے نکل کر اپنی ترقی خود تیز کرنے لگے۔

کِل سوئچ کا مطالبہ کیوں؟

اے آئی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث بعض ماہرین اور امریکی قانون سازوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جدید اے آئی سسٹمز میں ایسا حفاظتی نظام ہونا چاہیے جس کے ذریعے خطرے کی صورت میں انہیں فوری طور پر بند کیا جاسکے۔

ماہرین کا خدشہ ہے کہ اگر اے آئی کو غلط معلومات ملیں یا وہ غلط فیصلہ کرے تو وہ بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔

اے آئی کے خطرات صرف ہیکنگ تک محدود نہیں

ماہرین کے مطابق اے آئی کے ممکنہ خطرات میں غلط فیصلے، جعلی معلومات پھیلانا، سائبر حملوں میں مدد دینا اور انسانی ملازمتوں پر اثر ڈالنا شامل ہیں

خودکار نظاموں پر ضرورت سے زیادہ انحصار

ایک تحقیق کے مطابق مستقبل میں خودکار اے آئی ایجنٹس کئی شعبوں میں انسانی کاموں کی جگہ لے سکتے ہیں، جس سے روزگار کی دنیا میں بڑی تبدیلیاں آسکتی ہیں۔

اے آئی: انقلاب یا خطرہ؟

مصنوعی ذہانت کو ایک طرف دنیا بدلنے والی ٹیکنالوجی قرار دیا جا رہا ہے، جو تعلیم، صحت، کاروبار اور تحقیق میں انقلاب لا سکتی ہے۔

دوسری جانب ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ جتنی طاقتور اے آئی بنتی جائے گی، اتنے ہی مضبوط حفاظتی قوانین، نگرانی کے نظام اور ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت ہوگی۔

اب اصل سوال یہ ہے کہ انسان اے آئی کو کتنی آزادی دیتا ہے اور اس آزادی کے لیے کتنی حفاظت تیار رکھتا ہے۔

پاکستان