اہم ترین

بوئنگ کی 8 سال بعد بڑی کامیابی: 737 میکس 7 کو امریکی منظوری مل گئی

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بوئنگ کے سنگل آئل طیارے بوئنگ 737 میکس 7 کی سرٹیفکیشن جاری کر دی، جس کے ساتھ ہی تقریباً آٹھ سال سے جاری منظوری کا عمل مکمل ہو گیا۔

یہ بوئنگ کے 737 میکس خاندان کا سب سے چھوٹا طیارہ ہے، جس میں زیادہ سے زیادہ 172 مسافروں کی گنجائش ہے۔ کمپنی نے اس کی پہلی پرواز کے بعد 2019 میں فراہمی کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم 2018 اور 2019 میں 737 میکس طیاروں کے دو مہلک حادثات اور بعد ازاں 2024 میں الاسکا ایئرلائنز کے ایک واقعے کے باعث اس کی منظوری کا عمل طویل ہو گیا۔

ایف اے اے کے مطابق طیارے کی منظوری سے قبل تقریباً ایک دہائی تک تکنیکی جائزے اور حفاظتی تقاضوں پر کام کیا گیا۔ اس دوران بوئنگ نے 441 آزمائشی پروازیں کیں، جن کا مجموعی دورانیہ 686 گھنٹے رہا۔

بوئنگ کمرشل ایئرپلینز کی صدر اسٹیفنی پوپ نے کہا کہ یہ سرٹیفکیشن طیارے کے محفوظ ڈیزائن اور کمپنی کی انجینئرنگ ٹیم کی مسلسل محنت کا اعتراف ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پہلے 737 میکس 7 طیارے لانچ کسٹمر ساوتھ ویسٹ ایئرلائنز کے حوالے کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ ایئرلائن نے بھی آئندہ چند ماہ میں انہیں اپنے بیڑے میں شامل کرنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

بوئنگ کو اب 737 میکس 10 اور 777ایکس طیاروں کی سرٹیفکیشن کا بھی انتظار ہے۔ دوسری جانب کمپنی اپنی پیداوار بڑھاتے ہوئے ماہانہ 52 طیارے تیار کرنے کا ہدف حاصل کرنا چاہتی ہے۔

ایف اے اے کی منظوری کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور پیر کے روز بوئنگ کے حصص کی قیمت میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان