پاکستانی شوبز کے معروف میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ برس اکتوبر میں تیسری شادی کرچکے ہیں۔ اداکار نے پہلی مرتبہ کیمرے کے سامنے اپنی نئی ازدواجی زندگی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اظفر علی نے بتایا کہ ان کی تیسری شادی کو کئی ماہ گزر چکے ہیں اور یہ شادی ارینج میرج ہے۔ ان کی بہنیں کافی عرصے سے انہیں شادی کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، بالآخر ان کی ایک بہن نے ان کے لیے رشتہ تلاش کیا۔ ان کی اہلیہ ردا اس وقت دبئی میں مقیم تھیں اور وہاں انسانی وسائل کے شعبے میں سربراہ کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔
اظفر علی نے بتایا کہ شادی سے پہلے انہوں نے ردا سے پاکستان منتقل ہونے کی بات کی، کیونکہ وہ خود دبئی میں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ دونوں کے درمیان تقریباً چھ ماہ تک بات چیت ہوتی رہی، جس کے بعد اکتوبر 2025 میں دونوں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
اپنی گزشتہ ازدواجی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے اظفر علی نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکا۔ بعدازاں انہوں نے اداکارہ اور میزبان نوین وقار سے دوسری شادی کی، لیکن یہ رشتہ بھی اختتام پذیر ہوگیا۔
اظفر علی کا کہنا تھا کہ دوسری طلاق کو تقریباً 12 برس گزر چکے ہیں اور اس دوران زندگی کے مختلف تجربات نے ان کی شخصیت اور سوچ میں نمایاں تبدیلی پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ پہلے کی نسبت زیادہ عاجزی اختیار کرتے ہیں اور رشتوں کو بھی مختلف نظر سے دیکھتے ہیں۔ ماضی میں ان کی زیادہ توجہ اپنے کیریئر پر رہی، تاہم اب وہ اپنی ذاتی زندگی اور ازدواجی رشتے کو بھی بھرپور اہمیت دے رہے ہیں۔
اظفر علی کے مطابق موجودہ شادی ان کے لیے ایک خوبصورت تجربہ ثابت ہورہی ہے اور وہ اپنی اہلیہ پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے بجائے باہمی سمجھ بوجھ کے ساتھ زندگی آگے بڑھانے پر یقین رکھتے ہیں۔











