اہم ترین

چین کا نیا اے آئی وار: ڈیپ سیک کا نیا ماڈل وی 4 پرو آگیا

چین کی معروف اے آئی کمپنی ڈیپ سیک نے مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنا نیا ماڈل وی4 پرولانچ کردیا، جس میں خاص طور پر اے آئی ایجنٹس کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق وی4 پرو 0813 ماڈل صارفین کے لیے اے پی آئی، موبائل ایپ اور ویب پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہے۔ ڈیپ سیک کا نیا ماڈل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی اور امریکی ٹیک کمپنیاں جدید اے آئی ماڈلز کی تیاری میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ڈیپ سیک نے وی4 پرو کے ساتھ وی 4 فلیش کی اے پی آئی قیمتوں میں بھی تبدیلی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے نرخوں میں پیک اور آف پیک اوقات کے لیے الگ قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض آزاد ٹیسٹس میں کم قیمت وی 4 فلیش ماڈل نے وی4 پرو کے سابقہ پری ویو ورژن سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

وی4 پرو میں ڈیپ سیک نے اے آئی ایجنٹس سے متعلق صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بہتر بنانے پر توجہ دی ہے۔ اے آئی ایجنٹس ایسے نظام ہیں جو صارف کی ہدایات پر محض جواب دینے کے بجائے متعدد مراحل پر مشتمل کام خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نئے ماڈل کے ذریعے ڈیپ سیک کا مقصد جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے میدان میں اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسی امریکی کمپنیوں کے ساتھ مقابلے کو مزید سخت کرنا ہے۔

ڈیپ سیک نے کیسے بڑھایا مقابلہ؟

ڈیپ سیک کا آر 1 ماڈل 2025 کے آغاز میں عالمی سطح پر خاص توجہ کا مرکز بنا تھا۔ اس ماڈل نے کم لاگت میں جدید اے آئی تیار کرنے کے حوالے سے عالمی ٹیک انڈسٹری میں نئی بحث چھیڑ دی تھی۔

اس کے بعد چین میں اے آئی کی دوڑ مزید تیز ہوئی اور مون شوٹ اے آئی، ژیپو اے آئی، منی میکس، علی اب اور بائیٹ ڈانس سمیت متعدد کمپنیوں نے اپنے جدید ماڈلز متعارف کرائے۔ وی 4 پرو کی لانچ کو بھی اسی بڑھتے ہوئے مقابلے میں ڈیپ سیک کی نئی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

ڈیپ سیک اب اپنی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو بڑے کاروباری ڈھانچے میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی اپنے ملازمین کی تعداد کم از کم دوگنا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اے آئی ایجنٹس اور ڈیٹا سینٹرز سے متعلق ٹیموں کے لیے نئی بھرتیاں کررہی ہے۔

کمپنی چِپ ڈیزائن کے ماہرین بھی بھرتی کررہی ہے تاکہ این ویڈیا اور ہواوے جیسے سپلائرز پر انحصار کم کیا جاسکے۔

رپورٹس کے مطابق ڈیپ سیک نے بیرونی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے میں تقریباً 7.4 ارب ڈالر حاصل کیے تھے، جبکہ کمپنی کے لیے تقریباً 74 ارب ڈالر کی ویلیوایشن پر مزید فنڈنگ راؤنڈ کی منصوبہ بندی کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

پاکستان