گلوکارہ فریحہ پرویز کہتی ہیں کہ اللہ نے انہیں صاحب اولاد نہیں کیا۔ والدین پر لازم ہے کہ وہ اس کی ضروریات، تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے اپنا کردار سنجیدگی سے ادا کریں۔
احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران گلوکارہ فریحہ پرویز نے اولاد کی خواہش اور والدین کی ذمہ داری پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
فریحہ پرویز کا کہنا ہے کہ اگر وہ بچوں کی ماں ہوتیں تو ان کی پرورش اور دیکھ بھال کو اپنی زندگی کی اولین ترجیحات میں شامل کرتیں اور خود کو ان کے لیے مکمل طور پر وقف کردیتیں۔
گلوکارہ نے کہا کہ بچے کی شخصیت اور زندگی کی تشکیل میں ماں کا کردار نہایت اہم ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کو صرف مصروف رکھنے کے لیے موبائل فون، ٹیبلٹ یا دیگر اسکرینز کا سہارا نہ لیں بلکہ ان کی صحت، تربیت اور روزمرہ سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دیں۔
فریحہ پرویز نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اولاد اللہ کی جانب سے ملنے والی بڑی نعمت ہے، تاہم اس نعمت کے ساتھ ذمہ داری بھی جڑی ہوئی ہے۔ بچوں کی مناسب پرورش اور نگہداشت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچے کو دنیا میں لانے کا فیصلہ کرنے کے بعد والدین پر لازم ہے کہ وہ اس کی ضروریات، تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے اپنا کردار سنجیدگی سے ادا کریں۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ان کی بعض باتیں والدین کو ناگوار گزر سکتی ہیں، تاہم بچوں کی پرورش میں والدین کی ذمہ داری اور کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔











