اہم ترین

مردوں کو پیشاب کی سہولت مفت اور خواتین سے وصولی: آسٹریا کی خاتون عدالت پہنچ گئی

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عوامی بیت الخلاؤں کی فیس کا معاملہ صنفی امتیاز کی بحث بن گیا، جہاں 27 سالہ خاتون نے مردوں اور خواتین کے لیے مختلف سہولتوں پر شہر کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔

میلانی گراڈک کا مؤقف ہے کہ بعض عوامی مقامات پر خواتین کو ٹوائلٹ کیوبیکل استعمال کرنے کے لیے 50 سینٹ ادا کرنا پڑتے ہیں، جبکہ مرد مفت پیشاب کی سہولت استعمال کرسکتے ہیں۔

خاتون کے وکیل کے مطابق مردوں کے پاس مفت متبادل موجود ہے، جبکہ خواتین کے لیے ایسی کوئی سہولت نہیں، اس لیے موجودہ نظام مساوی سلوک کے اصول پر پورا نہیں اترتا۔

ویانا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیس صرف ان 29 عوامی بیت الخلاؤں میں وصول کی جاتی ہے جہاں صفائی اور نگرانی کے لیے عملہ تعینات ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کیوبیکل استعمال کرنے والے ہر جنس کے فرد سے 50 سینٹ لیے جاتے ہیں، جبکہ مفت پیشاب کی سہولت عوامی مقامات پر گندگی سے بچنے کے لیے فراہم کی گئی ہے۔

آسٹریا کی ایک قانون کی پروفیسر کے مطابق مردوں اور خواتین کے درمیان فیس کا فرق صرف اسی صورت قابلِ قبول ہوسکتا ہے جب اس کی کوئی ٹھوس اور معقول وجہ موجود ہو۔

خاتون کے وکیل کا کہنا ہے کہ اگر مقدمے میں کامیابی ملی تو اس کے اثرات آسٹریا کے دیگر شہروں میں بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب ویانا میں مستقبل کے لیے ایسے عوامی بیت الخلا متعارف کرائے جا رہے ہیں جو ہر فرد کے لیے مفت اور قابلِ رسائی ہوں۔

پاکستان